Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں اہل سنت و اہل تشیع علماﺅ اکابرین اور امن کمیٹی ممبران کے ساتھ اعلیٰ سطح ا جلاس کا انعقاد کیا گیا۔

Updated on: 25-Jul-2023

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں اہل سنت و اہل تشیع علماؤ اکابرین اور امن کمیٹی ممبران کے ساتھ اعلیٰ سطح ا جلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں نگران وزیر برائے زراعت، لائیو سٹک، فشریز اینڈ کواپریٹیوز عبد الحلیم خان قصوریہ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویڑن ظفرالاسلام، ریجنل پولیس آفیسر عبد الغفور آفریدی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان منصور ارشد،ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ عبدالروف بابر قیصرانی سمیت اہل سنت و اہل تشیع علماء و اکابرین اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس کو ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ اہل سنت و اہل تشیع اکابرین نے چند مسائل بیان کیے اور امن کمیٹی ممبران نے خدمات سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کیلئے کسی بھی علاقے کا امن پہلی شرط ہے اور دشمن نہیں چاہتا کہ امن برقرار رہے مگر ہم نے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرنا ہے اور بھاری چارے، اخوت اور یکجہتی سے رہنا ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کی جانب سے امن و امان کے قیام میں کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے ڈیرہ اسماعیل خان کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دیں اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی بلارکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے بالخصوص پانی کی ترسیل اور سی آر بی سی کینال کی مرمت اور دور دراز کے علاقوں تک پانی کی ترسیل کیلئے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات نے کہا کہ چونکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی آبادی کافی بڑھ چکی ہے لہذا اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے نفری کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی جن میں افسران سمیت ایس پی رینک بھی شامل ہوں گے۔ اسی طرح تین سے چار پولیس سٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ پولیس کی بھرتی سب ڈویڑن سطح پر ہو گی تاکہ مقامی افراد کو زیادہ سے زیادہ ملازمت کے مواقع میسر آ سکیں۔ صوبے بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اب امن کی صورتحال کافی بہتر ہو چکی ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء و اکابرین امن کے خواہاں ہیں اور علاقے کا امن پہلی ترجیح ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔اس موقع پر نگران وزیر برائے زراعت، لائیو سٹاک، فشریز اینڈ کواپریٹیوز عبد الحلیم قصوریہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے ہمیشہ نیک خواہشات رہی ہیں اور مسلسل کوشش ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے میگا پراجیکٹ لاؤں اورانشاء اللہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی کی راہیں کھلیں گی اور چھوٹے بڑے تمام ترقیاتی منصوبوں سے یہاں کی عوام مستفید ہو گی مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

 

Go To Top