Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

خیبر پختونخوا پولیس کی کمیونیکیشن اینڈ پبلک آوٹ ریچ اسٹرٹیجی سے متعلق پولیس فورس کے مقامی شعبہ تعلقات عامہ کے افسران (PROs) میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے آج پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

 

Updated on: 03-Oct-2023

خیبر پختونخوا پولیس کی کمیونیکیشن اینڈ پبلک آوٹ ریچ اسٹرٹیجی سے متعلق پولیس فورس کے مقامی شعبہ تعلقات عامہ کے افسران (PROs) میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے آج پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کا اہتمام خیبر پختونخوا پولیس اور یونائیٹڈ نیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام (UNDP) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز اول خان نے ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کام پاک سے ہوا۔ اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق نے ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کی میڈیا پالیسی اور پی آر اوز کے بدلتے حالات میں اہم کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کو پولیس فورس کا اصلی چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی پی آر اوز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وقتاً فوقتاً اس قسم کی ورکشاپ منعقد کی جائیں گی اورفورس کو جدید دور کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرکے پولیس فورس کے امیج کو بہتر بنایا جائیگا۔ ورکشاپ سے یو این ڈی پی رول آف لاء پروگرام کے ڈپٹی پروگرام منیجر ارشد جان نے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کی کمیو نیکیشن اینڈ پبلک آوٹ ریچ اسٹرٹیجی کے اغراض و مقاصد، اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواپولیس فورس میں شعبہ تعلقات عامہ کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے پبلک ریلیشنز آفیسر کو پولیس فورس کا ہر اول دستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورس کا امیج بہتر بنانے کے لیے پی آر اوز فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہر ادارے میں بتدریج تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور تمام ادارے ان تبدیلیوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہتر لائحہ عمل کے ساتھ میدان عمل میں اْترتے ہیں۔ یو این ڈی پی کمیونیکیشن اینڈ پروگرام سپورٹ اینالسٹ مسن امنہ کریم نے کمیونیکیشن کے اصولوں اور پی آر اوز کی ذمہ داریوں سے متعلق مقالہ پیش کیا۔ جبکہ یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ قمر جمال گوریجہ نے خیبر پختونخوا پولیس کمیونیکیشن اینڈ پبلک آوٹ ریچ اسٹرٹیجی سے متعلق اپنا مقالہ پیش کیا۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز اول خان نے ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے دونوں نے معاشرے کی بہتری اور امن کے لیے اپنی اپنی فیلڈ میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی میڈیا سیل کا کردار بنیادی طور پر تین P,s یعنی پریس، پبلک اور پولیس کے گرد گھومتا ہے اور اس کی ایک جھلک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تینوں کی مثبت کردار سے عیاں ہے انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی بڑی کامیابیوں کو اس وقت پزیرائی ملتی ہے جب وہ میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے کہا کہ سیکھنے اور سکھانے کا عمل ہر وقت جاری و ساری رہتا ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ورکشاپ میں حاصل کردہ علوم اور تجربے کو عملی میدان میں بروئے کار لاکر پولیس فورس کا امیج بہتر بنانے میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیئے۔

 

Go To Top