Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

انسپکٹر جنر ل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان کا ضلع سوات کا دورہ

Updated on: 21-Oct-2023

انسپکٹر جنرل آف پولیس آفیسر خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، سوات پولیس نے قیام امن کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ ہم اپنے ان شہداءکی قربانیاں بھولے نہیں جنہوں نے قیام امن کیلئے اپنے جان کے نظرانے پیش کرکے ہمارا مستقبل روشن کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دورہ سوات کے موقع پر علاقہ چپریال میں علاقہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سوات میں مکمل امن قائم ہے، سیاح بلا خوف و خطر سوات کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں قائم امن کو خراب ہونے نہیں دیں گے کیونکہ یہاں پر عوام اور پولیس کی بے تحاشہ قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے جو کسی بھی صورت خراب ہونے نہیں دیں گے، انہوں کہا کہ عوام اور پولیس نے مل کر امن کی خاطر جو جنگ لڑی ہے وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائیگی، سوات پولیس نے قیام امن کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے ان شہداء کے قربانیاں کبھی نہیں بھولیں گے اور ان کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ان جوانوں نے اپنے آج کو ہمارے کل کے لئے قربان کرکے ہمیں روشن مستقبل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے عوام اور پولیس نے مل کر جنگ لڑی ہے، جس کے نتیجے میں آج سوات ایک پر امن ضلع ہے جہاں پر امن فضا قائم ہے، سوات ایک حسین ضلع ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سیاح حضرات آتے ہیں اور سوات کے ان دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک اچھا پیغام لیکر جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ھم نے خیبر پختونخواہ کو منشیات فری صوبہ بنانا ہے اور اس خواب کو پورا کرنے کیلئے ہم سب نے مل کر اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کی بیخ کنی کرنے کیلئے سوات پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیات خان کو ریجنل پولیس آفیسر محمد علی خان کے ہمراہ تھانہ چپریال پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور بچوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے آئی جی پی کو خوش آمدید کہا اور ان کی خیبر پختونخواہ پولیس کو جدید طرز عمل پر آراستہ کرنے اور ان کی محکمہ پولیس کیلئے خدمات کو نہایت سراہا۔ ڈی پی او سوات نے آئی جی پی کے دورے کو سوات کے عوام اور سوات پولیس کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع آئی جی پی خیبرپختونخواہ نے شرکاء کے مسائل سن کر انکے جلد از جلد حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔

 

Go To Top