انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوااخترحیات خان نے آج سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرزپشاور کا دورہ کیا۔ سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ، ڈی آئی سپیشل برانچ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔ آئی جی پی نے سپیشل برانچ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں آئی جی پی کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، صوبے میں بالخصوص ضم اضلاع میں سپیشل برانچ کی تنظیم نو،ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی،درپیش چیلنجز اور موجودہ حالات کے پیش نظر ادارے کے لائحہ عمل اور حکمت عملی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی جی پی کو بتایا گیا کہ ادارے کے قانون نافذ کرنے والے دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رہتا ہے۔ اور مقررہ اہداف کی سرگرمیوں اور ان کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لیے انٹیلی جنس اطلاعات کا تبادلہ ہوتا ہے۔ آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے ذریعے ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھ کر ان کے مذموم عزائم بروقت ناکام بنادیئے جاتے ہیں۔ آئی جی پی کو سپیشل برانچ کی نیٹ ورکنگ اور دہشت گردی کے منصوبوں کے رونما ہونے سے پہلے پہلے ناکام بنانے سے متعلق ادارے کی کوششوں اور کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔آئی جی پی کو بتایا گیا کہ سپیشل برانچ ہر قسم کے حالات سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی قسم کی چیلنجنگ صورت حال میں عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اترے گا۔آئی جی کو ضم شدہ اضلاع میں بھی سپیشل برانچ کے لیے عملہ، سازو سامان اور دیگر مالی وسائل کی فراہمی کے ساتھ ضروری دفاتر کے قیام سے متعلق تفصیل سیآگاہ کیا گیا۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ تمام ضم شدہ اضلاع میں سپیشل برانچ کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں اور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی انجام دہی کے لیے ضروری سازو سامان بھی فراہم کردیا گیا ہے۔ آئی جی پی نے سپیشل برانچ میں قائم کینائن یونٹ کا بھی دورہ کیا اور بم ڈسپوزبل یونٹ کے لئے خریدے گئے نئے سازوسامان کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
آئی جی پی نے سپیشل برانچ کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور تیاریوں کی تعریف کی اور ان کو ہدایت کی کہ وہ بالخصوص حساس اضلاع، بشمول قبائلی اضلاع، میں ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان کی صوبے کے دیرپا امن کو نقصان پہنچانے کی ناپاک کوششوں کو بروقت خاک میں ملائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا امن بڑی قربانیوں سے قائم کیا گیا ہے اور کسی کو بھی امن اورخوشحالی کے سفر کو اپنی منزل تک پہنچنے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔آئی جی پی نے کہا کہ سپیشل برانچ خیبرپختونخوا پولیس فورس کے لئے آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتی ہے اور کہا کہ سپیشل برانچ کے کلیدی کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تمام ضررویات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جارہی ہیں۔
ٍ قبل ازیں آئی جی پی نے سپیشل برانچ میں جدید سہولیات سے آراستہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر آئی جی پی نے مختلف اوقات میں فرائض کی ادائیگی کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔