Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

مختلف مکاتب فکر کے مذہبی اکابرین خیبر پختونخوا کے ایک 42رکنی وفد نے صوبائی چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان سے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی اور اُن سے صوبے میں محرم الحرام کے دوران مثالی امن وامان کے قیام کے حوالے سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کرتے ہو ئے اس مقصد کے لئے کئی ایک تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم خان قصوریہ بھی موجود تھے۔

Updated on: 21-Jul-2023

مختلف مکاتب فکر کے مذہبی اکابرین خیبر پختونخوا کے ایک 42رکنی وفد نے صوبائی چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان سے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی اور اُن سے صوبے میں محرم الحرام کے دوران مثالی امن وامان کے قیام کے حوالے سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کرتے ہو ئے اس مقصد کے لئے کئی ایک تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم خان قصوریہ بھی موجود تھے۔
آئی جی پی نے اس موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال، عزت وآبرو کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور فرقہ واریت کیساتھ ساتھ بالخصوص تخریب کاری کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پولیس کو چوکس اور الرٹ کر دیاہے اور ساتھ ساتھ مٹھی بھر شرپسند عناصر اور افواہ پھیلانے والوں کا بروقت محاسبہ کرنے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔آئی جی پی نے عشرہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کے مابین قریبی رابطہ اوراتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہو ں نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون کے بغیر کسی بھی موقع پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مکمل کامیابی حاصل نہیں کر سکتی اور ہم سب کو مل جل کر معاشرے میں امن وامان کے قیام اور ترقی و خوشحالی کیلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے وفد کے ارکان سے کہا کہ عوام کی ذہن سازی اور کردار سازی میں آپ لوگوں کا کردار بہت اہم ہے۔ اور ہم سب کو ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر صبر و برداشت اور تحمل سے کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام کے بابرکت مہینے میں اتحاد و یگانگہت اور بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے ہم سب پر اپنے منصب کی رو سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اپنی فروعی اختلافات کو بھلاکر ملک کی بقاء و استحکام اور اپنے نسلوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر اور تخریب کاروں کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنانا ہوگا۔
وفد کے ارکان نے اپنے انفرادی خطاب میں کہا کہ محرم الحرام حرمت کا مہینہ ہے جس کا احترام ہم سب پر واجب ہے۔یہ مہینہ دلوں کی کدورتیں ختم کرنے کا پیغام دیتاہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں عدم برداشت کے فلسفے کو دفنانا ہوگا اور صبر وتحمل، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا ہو گااوریہ کہ منبر اور محراب سے صرف امن کی آواز بلند کرنا ہوگی۔ دشمن جو خلیج ہمارے درمیان پیدا کرنا چاہتا ہے وہ ہم پاٹ دیں گے۔ وفد نے محرم الحرا م کے دواران جلوسوں کی جگہوں پر ٹریفک کے انتظام کو درست رکھنے اور عوام کی سہولت کیلئے متبادل راستے کھلے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بیمار اور مسافر پریشان نہ ہو۔ جلوسوں کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے محرم کے موقع پر کسی بھی فرقے کی جانب سے غیر ضروری بالخصوص نئی روایتوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی تجویزبھی پیش کی۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ملک بھر میں اپنی سخت محنت اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی سے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے اپنے کارکنوں کی خدمات رضاکارانہ طور پر انتظامیہ کو پیش کرنے کی بھی پیشکش کی۔ اُنہوں نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وفد کے ارکان نے جلوسوں کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرانے،شہر میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی لگانے اور مقامی مشران کیساتھ پولیس کا قریبی رابطہ رکھنے کی تجویز دی۔
اجلاس کے آخر میں انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکاء کو بتلایا کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریگی۔شرپسندی کی ہر حال میں حوصلہ شکنی کی جائیگی۔ مزید یہ کہ مل بیٹھنے سے محبت اور رواداری میں اضافہ ہوتا ہے۔ صوبہ بھر کے نمائندہ مذہبی عمائدین کا یہ اجلاس اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اجلاس کے آخر میں ملک کی یکجہتی وسلامتی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ وفد کے ارکان میں بریگیڈئر سرتاج قزلباش،مولانا حسین احمد مدنی،مولانا طیب قریشی، قاری اکرام الحق،پروفیسر قاضی خلیل الرحمان۔قاضی غلام مجتبیٰ، ڈاکٹر حسنین رضا ترابی، پیر شاہ نواز،محرم علی شاہ، مولانا ستار،مولانا یوسف،خاجی ظہیر حسین،مولاناالطاف حسین،مولانا عصمت اللہ،مولانا حاجی حسین، مولانا طیب شاہ بخاری،مولانا جلال شاہ،سید امجد حسین شاہ،مولانا عبدلواحد،مولانا امان اللہ، علامہ محمد رمضان توقیر،فیاض حسین بخاری،طارق خلیل، مولانا خان محمد اور سید محمد خنیف شاہ شامل تھے۔

 

Go To Top