Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

ای پولیس پوسٹ ایپ اورخیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB)کے تعاون سے تیارکردہ سیف الیکشن ایپ کا افتتاح

Updated on: 10-Jan-2024

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ پولیس عرفان طارق نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئی جی پی اختر حیات خان کی ہدایت پرمحکمہ پولیس میں اُس کے فروغ کے لیے اہم اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں دو نئی موبائل ایپس (APPs) ای پولیس پوسٹ ایپ اورخیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB)کے تعاون سے تیارکردہ سیف الیکشن ایپ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ای پولیس پوسٹ کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کو دور کرنا ہے جنکا وہ روز مرہ کی پولیسنگ کے دوران مختلف چیک پوسٹوں پر پولیس چیکنگ کی صورت میں کرتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے چوری کی گاڑیوں کی فوری چیکنگ اورجرائم پیشہ افراد کا کریمنل ریکارڈ موقع پر ہی چیک کیا جائیگا اوریوں مسافروں اور گاڑیوں کے مالکان کو بے جاتنگ کرنے اور طویل انتظار کی کوفت سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔ اسی طرح سیف الیکشن ایپ (SEA)کے اجراء کا بنیادی مقصد الیکشن کے تمام تر انتظامات پر مبنی سیکیورٹی پلان کو موثر اور محفوظ بنانا ہے۔ الیکشن ایپ کے ذریعے سیکیورٹی پر مامور عملے کی پولنگ اسٹیشنز پر بروقت پہنچنے اور عملے کو فرائض کی بطریق احسن ادائیگی کے حوالے سے درپیش مسائل و مشکلات سے برقت آگاہی حاصل کرکے ان کے حل کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق کا کہنا تھا کہ دور جدید میں عوام کے اطمینان اور جمہوری معاشرے کی ضروریات کے پیش نظر پولیس ایپس کا مقصد خوشگوار ماحول میں بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی آئی جی نے مزیدکہا کہ محکمہ پولیس عوام دوست پولیسنگ اور عوام کی خدمت پر مبنی پولیسنگ کے فروغ کے لیے نئے آئیڈیاز متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
نئی ایپس کا اجراء محکمہ پولیس سے متعلق عام شہریوں کو ان کے روزمرہ معمولات اور پولیس کو فرائض کی ادائیگی کے دوران درپیش مسائل و مشکلات کے پیش نظر اُٹھایا گیا ہے۔ ای پولیس پوسٹ ایپ متعارف کرانے سے موقع پر مجرمان کی فوری شناخت اور گاڑیوں کی شناخت کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں گی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق نے مزید کہا کہ اس سسٹم کو ملک کی پولیس سے منسلک کردیا گیا ہے جس سے اہم معلومات کی بین الصوبائی ترسیل اور تبادلہ ممکن ہو گا۔ مزید یہ کہ دونوں ایپس پولیس اور عوام کے مابین حائل خلیج کم کرنے اور بہتر اور نتیجہ خیزپولیسنگ میں سنگ میل ثابت ہونگی۔پولیس روزمرہ پولیسنگ، سرچ اینڈ سرائیک آپریشنز میں ناکہ بندیوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران ای پولیس پوسٹ ایپ کو استعمال میں لاتے ہوئے جرائم پیشہ افراد اور چوری شدہ یا چھینی ہوئی گاڑیوں کے خلاف اپنے اہداف کے حصول کو یقینی بناسکیں گے۔

 

Go To Top