Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

پرامن انتخابات کا انعقاد اہم قومی فریضہ ہے ووٹرزاور امید واران کو مکمل محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔انسپکٹرجنرل اخترحیات خان کی  کانفرنس کے  شرکاء (ریجنل پولیس افسران ) کو ہدایت۔

Updated on: 31-Jan-2024

٭ پرامن انتخابات کا انعقاد اہم قومی فریضہ ہے ووٹرزاور امید واران کو مکمل محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔انسپکٹرجنرل اخترحیات خان کی RPO کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان کی زیر صدارت آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں آئیندہ عام انتخابات کی سکیور ٹی انتظامات سے متعلق صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسران کے ساتھ ایک ویڈیو لنک کانفرنس منعقد ہوئی۔ ر یجنل پولیس افسران نے اضلاع میں اس سلسلے میں اب تک کئے گئے انتظامات، الیکشن کے بارے میں جاری شدہ ہدایات و ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد، تمام متعلقہ حکام اور اْمیدواروں کے ساتھ متوقع اجلاس، پولنگ اسٹیشنوں کی نوعیت، دستیاب افرادی قوت اور درپیش چیلنجز اور مشکلات کے حوالے سے انسپکٹر جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی اختر حیات خان نے تمام افسران پرواضح کیاکہ پر امن انتخابات کی اہم ذمہ داری خیبرپختونخو اپولیس کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیندہ انتخابات کا پر امن انعقادایک اہم قومی فریضہ ہے اور ان پر زور دیا کہ وہ صاف شفاف، غیر جانبدارانہ اور پْر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے دن رات سخت کوشش کریں اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر اسکی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ تمام انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہ کر پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیں اور حق رائے دہی استعمال کرنے والوں بالخصوص خواتین کے لیے پْر امن اور ساز گار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ انتخابی مہم جلسے جلوس یا پولنگ کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے، اشتعال انگیز تقاریر کرنے، قابل اعتراض مواد کی اشاعت، لسانیت اور فرقہ واریت پھیلانے کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ اور یہ کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر سو گز سے لیکر دوسو گز کے فاصلے پر سکیور ٹی زون ترتیب دیں اور غیر متعلقہ اشخاص اور گاڑیوں کو اس سے آگے جانے کی بالکل اجازت نہ دیں اورانتخابی عمل سے وابستہ دیگر محکموں کے متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاسوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سکیور ٹی سے متعلق کسی چیز کو مبہم نہ چھوڑیں اور ہر ایک چیز کو تحریری شکل میں ریکارڈ پر لائیں۔ اعلیٰ پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ہر ضلع اور تھانے کی سطح پر خصوصی کنٹرول رومز قائم کرکے ان میں انتخابی عمل سے وابستہ تمام انتظامی عملے کے نمبروں کو یقینی بنائیں۔آئی جی پی نے افسران سے کہاکہ آئیندہ عام انتخابات کا پْرامن انعقاد پولیس کی صلاحیتوں کا امتحان ہے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی دیانتداری اور اہم قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں نیز الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امید واران اور ووٹرز کے جان ومال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

 

 

Go To Top