Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔

Updated on: 31-Jan-2024

آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔
محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر ضیا الرحمن نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔اے آئی جی ویلفیئر حمید اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس اور نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی روسے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر اور خیبر پختوا پولیس اہلکاروں کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے مل کر کام کریں گے۔ معاہدے کے روسے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو مختلف مدوں میں سہولیات میں رعایت فراہم کرے گا۔ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال پشاور، تشخیصی، لیبارٹری اور ریڈیالوجی میں 35 فیصد،سنگل بیڈ روم کے چارجز میں 25 فیصد، ڈبل روم چارجز میں 50 فیصد، اوپی ڈی کی خدمات میں 25 فیصد اور اوپی ڈی کے طریقہ کار کے دوران دوا میں 25 فیصد رعایت دے گی۔پولیس شہداء کے ورثاء، سابقہ پولیس اہلکار اور اُنکے اہل وعیال، زخمی اور فوت شدہ پولیس اہلکاروں کے خاندان بھی یہ سہولیات حاصل کرسکیں گے۔ ہسپتال میں پولیس سروس کارڈ پیش کرکے یہ سہولیات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو نے کہا کہ آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان کے ویژن کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں اور ان کے بچوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں اور آج نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے ساتھ یادداشت پر دستخط کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے علاوہ دیگر Corporate اداروں کیساتھ معاہدے کئے جارہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ جب پولیس ملازمین اور ان کے بچے بہتر طبی سہولیات سے مستفید ہونگے تو وہ خود اور بچوں کے علاج معالجے کی پریشانیوں سے آزاد ہو کر اپنے فرائض پر بھر پور توجہ دیں گے۔ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال پشاور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے افسروں و جوانوں نے گذشتہ دہائیوں میں  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں دی ہیں۔انکی ان قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو طبی سہولیات کی فراہمی میں نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال میں 35 فیصد تک کی رعایت دستیاب ہوگی اور ادارے کیطرف سے یہ اس جری اور بہادر فورس کے لیے ایک ادنیٰ نذرانہ ہوگا۔ 
 
 
 
 

 

 

Go To Top