Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے نویں محرم الحرام کے موقع پر پشاور میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ اور تھانہ خان رازق شہید میں قائم کنٹرول روم کے دورے کئے۔ وہ کمانڈ پوسٹ کے مختلف حصوں میں گئے اور کمانڈ پوسٹ میں محرم الحرام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس کمانڈ پوسٹ کے دورے کے موقع پر سی سی پی او پشاورسید اشفاق انور، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے حکام ان کے ہمراہ تھے۔

Updated on: 28-Jul-2023

سی سی پی او پشاورسید اشفاق انورنے محرم اور مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے آئی جی پی کو نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے آئی جی پی کو بتایا کہ کنٹرول روم میں صدر اور شہر سے نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کی کیمرے کی آنکھ سے براہ راست مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون کیمروں کو بھی اس کمانڈ سنٹر کے ساتھ منسلک کر دیاگیا ہے جس کے ذریعے نگرانی کو مزید موثر بنا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اْترتے ہوئے پرامن عاشورہ محرم کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح الرٹ اور تیار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور پولیس کے مابین ہم آہنگی اور موثر رابطہ قائم ہے۔ صوبے میں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لیے فرقہ ورانہ ہم آہنگی، مذہبی بھائی چارے کے قیام اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اپنائیں۔
آئی جی پی نے ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں اور شہر میں سیکیورٹی کے لئے کئے گئے پولیس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا نیز آئی جی پی کمانڈ پوسٹ میں ڈیوٹی انجام دینے والے دیگر اداروں کے عہدیداروں سے بھی ملے اور محرم الحرام میں خدمات پیش کرنے پر ان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

Go To Top