Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

تحصیل درابن میں واقع تھانہ چودہواں پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے دس پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

Updated on: 05-Feb-2024

تحصیل درابن میں واقع تھانہ چودہواں پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے دس پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ، چیف سیکریٹری ندیم اسلم چودھدری، آئی جی پی اخترحیات خان، ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان ناصر ستی، کمشنر ڈیرہ، سابق صوبائی وزراء، ڈی پی او ڈیرہ، اعلیٰ سول وفوجی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔ قومی پرچم میں لپٹے تابوت پر پھولوں کی چادر یں چڑھائی گئیں۔آج رات تحصیل درابن کے تھانہ چودھوان پر نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کیا۔حملے کے دوران پولیس کے جوانوں نے ڈھائی گھنٹے ڈٹ کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمود ستی ہمراہ ڈی پی او ڈیرہ موقع پر پہنچے۔دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں دس پولیس کے جوانوں نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور نو پولیس جوان زخمی ہوئے۔
آئی جی پی اخترحیات خان نے پولیس شہداء کی جرات و بہادری سے دہشت گردوں کا مقا بلہ کر نے کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ پر مرمٹنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے پولیس فورس کے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔شہداء پولیس کا نماز جنازہ پولیس لائنز ڈیرہ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری،انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اخترحیات خان،کمشنر ڈیرہ ڈویڑن ظفرالسلام خٹک،ڈی سی ڈیرہ منصور ارشد، ڈی پی او ڈیرہ عبدالروف بابرقیصرانی، سیکیورٹی فورسز سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پولیس شہداء کو سلامی پیش کی۔بعد میں وزیر اعلی نے پولیس لائنز ڈیرہ میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے وہاں پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ہاوس میں زیر صدارت وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ سیکیورٹی اور جنرل الیکشن کے پرْامن انعقاد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس بھی ہوا۔اجلاس میں آئی جی ایف سی فرنٹئیر کانسٹیبلری ساوتھ میجر جنرل ہارون حمید، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اخترحیات خان، کمشنر ڈیرہ،ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ،ڈی سی ڈیرہ، ڈی پی او ڈیرہ نے شرکت کی۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے آج پیش آنے والے سانحہ تھانہ چودھواں اور جنرل الیکشن کے پْر امن انعقاد کے لئے اٹھائے گئے سیکیورٹی و انتظامی اقدامات کے بارے میں مکمل بریفنگ دی.اجلاس کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے سمیت الیکشن سیکیورٹی پلان اور دیگر اہم امور زیر بحث لائے گئے.اس موقع پر نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین نے کہا کہ پْرامن انتخابات کا انعقاد خیبر پختونخواہ کی سول انتظامیہ اور پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

Go To Top