Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں برینز انسٹیٹیوٹ پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔

Updated on: 15-Feb-2024

آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں برینز انسٹیٹیوٹ پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔ 
محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کی جانب سے ریکٹر ظفراللہ خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔
اس معاہدے کے تحت برینز انسٹیٹیوٹ پشاور اپنے ادارے میں خیبر پختونخوا پولیس کے (شہدا اور حاضر سروس) ملازمین کے بچوں کو سکول فیس اور داخلہ میں خصوصی رعایت فراہم کرے گا۔ شہداء فیملیز، زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اورحاضر سروس افسران واہلکاران کے بچوں کو سکول فیس اور داخلوں کی مد میں رعایت دستیاب ہوگی۔ اسی طرح معاہدے کی رو سے زیادہ سے زیادہ 5سیٹیں شہداء کے بچوں اور 5سیٹیں زخمی اہلکاران کے بچوں کیلئے مختص کی گئی ہیں۔برینز انسٹیٹیوٹ پشاور پولیس شہدا کے بچوں کو سالانہ داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 75% فیصد رعایت، فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے ماہانہ ٹیوشن فیس اور داخلے میں 50فیصد رعایت اورحاضر سروس پولیس افسروں و اہلکاروں کے بچوں کو ماہانہ ٹیوشن فیس اور داخلے میں 25% فیصد رعایت دے گا۔
اس مقصد کے لیے اسٹوڈنٹس کو برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کے تعلیمی اداروں میں فیسوں میں خصوصی رعایت کے لیے درخواستیں متعلقہ DPOsیا AIGویلفیئر کی طرف سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کے ہمراہ جمع کروانی ہونگی۔ فیسوں میں رعایت حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس ان تعلیمی اداروں کے تمام قوائد و ضوابط پر عمل درآمد کے پابند ہونگے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر برینز انسٹی ٹیوٹ ظفراللّٰہ خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے ہر رینک کے افسرو جوان نے اپنی قیمتی جان ہتھیلی پر رکھکر خدمات دیں جسکی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے اور پوری قوم انکی خدمات کی معترف ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے بال بچوں کی دیکھ بھال اور بہترین تعلیم و تربیت کی ذمہ داری پورے معاشرے کی بنتی ہیں اور کہا کہ شہداء کے بچوں کی بہتر تعلیم کے مشن میں اْن کا ادارہ سب سے آگے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس شہداء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ریکٹر برینز انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ آج ہم جس پرْامن ماحول میں سانس لے رہے ہیں وہ پولیس شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کا مرہون منت ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کو جب بھی ضرور ت ہوگی اْن کا ادارہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہیگا۔
ڈی آئی جی ویلفیئرمحمد کاشف مشتاق کانجونے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان کے ویژن کے مطابق اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں اور آج برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ڈی آئی جی ویلفیئر نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی فلاح و بہبود محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس ملازمین کے بچے بہترین تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم حاصل کریں گے۔ تو ان کے والدین بچوں کی تعلیم کی پریشانی سے آزاد ہو کر اپنے فرائض پر بھر پور توجہ دیں گے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کے ساتھ جس سفر کا آغاز کیا گیا ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
 

 

Go To Top