Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں دو اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

Updated on: 20-Feb-2024

آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں دو اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
پہلا معاہدہ سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور اور دوسرا اباسین یونیورسٹی پشاور کے مابین ہوا۔محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو جبکہ سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاورکی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمن اور اباسین یونیورسٹی پشاور کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید عمر فاروق نے معاہدوں پر دستخط کئے۔
معاہدوں کے تحت دونوں یونیورسٹیز محکمہ پولیس کے شہداء، غازی اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو اپنے اپنے مختلف تعلیمی پروگرامزمیں سکالرشپ دینگے۔ اس اسکالر شپ پروگرام کے تحت دونوں یونیورسٹیز میں خیبر پختونخوا محکمہ پولیس کے شہداء اور شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو مفت تعلیم یعنی 100 فیصد سکالرشپ اور حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو تعلیم میں 50 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ یہ رعایت دونوں یونیورسٹیزکی تمام فیکلٹیز/شعبہ جات میں دستیاب ہو گی۔
اس موقع پر دونوں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جس جرات و بہادری کا مظاہرہ دکھایا ہے۔ پولیس کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں اپنی ذات یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ ملک و قوم کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تھیں۔ انہوں نے کہا اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ پولیس شہداء کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے آگے آئیں اور اپنا اہم کردار ادا کریں۔ دونوں وائس چانسلرز نے کہا کہ پولیس شہداء کے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے ان کے ادارے اپنی خدمات ہر فورم پر پیش کرینگے۔
ڈی آئی جی ویلفیئرمحمد کاشف مشتاق کانجونے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان کی ہدایت پر یہ اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں اور آج سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاوراور اباسین یونیورسٹی پشاور کے ساتھ معاہدوں پر دستخط اس تسلسل کی ایک کڑی ہے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کے سفر میں دونوں یونیورسٹیز کی خدمات سے بھر پْور استفادہ اٹھایا جائے گا۔

 

Go To Top