Our Faith, Corruption Free Pakistan/ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان

Press Release Detail

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ پولیس فورس کے شہداء کے بچوں اور حاضر سروس ملازمین کی فلاح و بہبود اْن کی اولین ترجیح ہے اور ان کے بچوں کے بہترین علاج معالجہ اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی اْن کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔

Updated on: 21-Feb-2024

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ پولیس فورس کے شہداء کے بچوں اور حاضر سروس ملازمین کی فلاح و بہبود اْن کی اولین ترجیح ہے اور ان کے بچوں کے بہترین علاج معالجہ اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی اْن کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک، سٹی یونیورسٹی پشاور،آئی سی ایم ایس ایجوکیشن سسٹم نیٹ ورک اور خیبرپختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی یادداشت کے معاہدوں کے قوائد و ضوابط مرتب کرنے کی منعقدہ تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بچوں کو بہترین طبی سہولیات اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اس ضمن میں ملک کے بہترین ہسپتالوں اور اعلیٰ و معیاری تعلیمی اداروں کیساتھ تواتر کیساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں۔آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے اور پولیس فورس کے تمام بچوں کی فلاح و بہبود ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا ہے۔آئی جی پی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا پولیس فورس کی فلاح وبہبود کا سلسلہ مزید تیز کردیا جائیگااور مختلف کارپوریٹ اداروں کے ساتھ مزید معاہدے کئے جائیں گے۔اور اْمید ظاہر کی کہ مثالی پولیس فلاح وبہبود کے حوالے سے بھی منفرد رہے گی۔
بعدازاں پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک پشاور، سٹی یونیورسٹی پشاور،آئی سی ایم ایس ایجوکیشن سسٹم نیٹ ورک اور خیبرپختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک پشاور کی جانب سے ڈائریکٹر محمد ایوب سیٹھی،آئی سی ایم ایس ایجوکیشن سسٹم نیٹ ورک کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تجمل حیات اور خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو نے معاہدوں پر دستخط کیئے۔
پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک پشاور اور سٹی یونیورسٹی پشاورمعاہدے کی رو سے مختلف تعلیمی پروگرامز میں سکالرشپ دیں گے۔سکالر شپ پروگرام کے تحت پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک پشاور میں خیبرپختونخوا محکمہ پولیس کے شہداء اور شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو مفت تعلیم یعنی 100فیصد سکالرشپ اورحاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے 30فیصد تعلیمی رعایت دی جائے گی۔ جس میں شہداء اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کیلئے 10نشستیں اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے 30نشستیں مختص کی گئی ہیں۔اسی طرح سٹی یونیورسٹی پشاور کی جانب سے شہداء اور شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو 100فیصد سکالرشپ اورحاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے 50فیصد تعلیمی رعایت دی جائے گی۔جبکہ آئی سی ایم ایس ایجوکیشن سسٹم نیٹ ورک کی جانب سے شہداء کے بچوں کیلئے سالانہ داخلہ،ماہانہ ٹیوشن فیس،سیکیورٹی،داخلہ پروسیسنگ اور دیگر چارجز میں 100فیصد،ڈیوٹی کے دوران زخمی یا معذور اہلکاروں کے بچوں کیلئے 50فیصد اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے 40فیصد رعایت دستیاب ہوگی۔
اس موقع پر اپنے پیغامات میں دونوں تعلیمی اداروں کے سربراہان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے مقدس پیشہ ورانہ فرائض وابستہ توقعات سے بڑھ کر ادا کیئے ہیں اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں جانوں کے نذرانے پیش کیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کے تمام لوگ بالخصوص کاروباری ادارے جس خوشگوار اور پرْامن ماحول میں زندگی کا پہیہ آگے بڑھارہے ہیں اْس کے پیچھے پولیس جوانوں کی بیش بہا قربانیاں کارفرماہیں دونوں سربراہان نے کہا کہ پولیس فورس کے شہداء کے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت اْن پر قرض ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اْن کے ادارے پولیس فورس کی فلاح وبہود میں شانہ بشانہ کام کریں گے۔

 

Go To Top